پشاورمیں غیر معیاری اچار،مربہ جات اور مشروبات کی فروخت عروج پر پہنچ گئی

April 16, 2021

پشاور(وقائع نگار)پشاورمیں غیر معیاری اچار،مربہ جات اور مشروبات کی فروخت عروج پر پہنچ گئی جبکہ مضر صحت سری پائے فروخت کرنے والوں کی بھی بھرمار ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پشاورمیں ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی غیر معیاری مشروبات،اچار اور مربہ جات کی کھلے عام فروخت جاری ہے۔اندرون شہر سمیت پشاورصدر اور دیگر علاقوں میں شکرین اور رنگ سے تیار کئے جانے والے مشروبات کھلے عام فروخت کئے جارہے ہیں جبکہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معیاری مشروبات کا استعمال صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اور گھروں میں ہی تازہ پھلوں سے تیار کر کے مشروبات استعمال کئے جائیں تو صحت کیلئے بہتر ہے۔اسی طرح غیر معیاری مربہ جات اور اچار بھی کھلے عام فروخت کئے جارہے ہیں۔پشاور کے شہری علاقہ ہشت نگری اور کریم پورہ میں اچار اور مربہ جات دکانوں کے علاوہ ہتھ ریڑھیوں پر بھی فروخت ہورہا ہے جبکہ دوسری جانب غیر معیاری سری پائے بھی عوام پر فروخت کر کے بیماریاں پھیلائی جا رہی ہیں۔شہریوں نے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر نوٹس لینے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔