اس ہفتے 16 اشیاء مہنگی،11سستی ہوئیں

April 16, 2021

ادارہ شماریات نے ایک ہفتے میں مہنگائی کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق 16 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار میں ایک ہفتے کے دوران بنیادی اشیاء ضروریہ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 26 روپے مہنگا ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق اضافے کے بعد ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت 988 روپے ہوگئی۔


ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 7 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ کیلے 15 روپے فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ مہنگائی میں اضافے کی شرح صفر اعشاریہ 6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 17 پیسے، بیف 4 روپے 60 پیسے، مٹن 6 روپے 72 پیسے مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق چکن سوا روپے اور گھی کی فی کلو قیمت میں 30 پیسے اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جن 11 اشیاء کی قیمتیں کم رہیں ان میں لہسن بھی شامل ہے جو 7 روپے 35 پیسے فی کلو سستا ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق دال ماش 4 روپے 22 پیسے، دال چنا 4 روپے، دال مونگ 5 روپے 14 پیسے، دال مسور 2 روپے 70 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 16 روپے سستا ہوا جبکہ چینی اور پیاز کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے دودھ دہی سمیت 24 اشیاکی قیمتوں استحکام رہا۔