رمضان بازاروں میں ریلیف ملتانظرآنا چاہیے،چیف سیکرٹری

April 17, 2021

لاہور(خصوصی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے اسلام پورہ رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیاء کے معیار، قیمتوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے حکم دیا کہ صارفین کی سہولت کیلئے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے. انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں صارفین کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملتا نظر آنا چاہیے .انہوں نے ہدایت کی کہ چینی کے سٹال پر رش کم کرنے کیلئے کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی 65روپے فی کلو اور10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں وافر دستیاب ہے جبکہ سبزیوں، پھلوں کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کیلئے ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں. انہوں نے کہا کہ چینی سمیت کسی شے کی کمی نہیں ہو نے دی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے ایس اوپیز پرعمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔