حکمران جماعت کو سیاسی بھگوڑوں ، لٹیروں اور مافیا نے ہائی جیک کر لیا ،اقبال جھگڑا

April 17, 2021

پشاور( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ڈسکہ کا ضمنی الیکشن دھاندلی سے مسلط ہونے والے آٹا چوروں، چینی چوروں، بار بار مہنگائی کے بم گرانے والے حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم تھا۔ چاروں صوبوں میں ہونے ولے ضمنی انتخابات میں سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود حکمران جماعت کی عبرتناک شکست اور مسلم لیگ کی شاندار کامیابی سے واضح ہو گیا ہے کہ عوام نے آٹا چوروں،چینی چوروں اور کشمیر پر سودے بازی کرنے اور لوٹ مار کا بازار گرم کرنے والے حکمرانوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ حکمران جماعت کو سیاسی بھگوڑوں مفاد پرستوں لٹیروں اور مافیا نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ سیاسی بھگوڑے عوام کے مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کے حصول میں لگے ہوئے ہیں۔ حکمران جماعت کی پے درپے شکست کے بعد سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ وزیراعظم عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں لہٰذا وزیراعظم کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہو جانا چاہئے۔انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت ہی کامیابی حاصل کرتی ہے لیکن ضمنی انتخابات میں چاروں صوبوں میں حکمران جماعت کی عبرتناک شکست سے واضح ہو گیا ہے کہ عمران نیازی 2018میں عوام کی حمایت سے اقتدار میں نہیں آئے بلکہ انہیں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر عوام پر مسلط کیا گیا۔ انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ جعلی مقدمات اور انتقامی کارروائیوں سے مسلم لیگ کا نہ تو مسلم لیگ کا راستہ روکا جا سکتا ہے اور نہ ہی حکمرانوں کی کشتی کو ڈوبنے سے بچایا جا سکتا ہے۔