آزادکشمیر کے انتخابات میں اس بار اہلیت پر جیت ہوگی، سعید مغل

April 18, 2021

برمنگھم (پ ر) سابق مشیر حکومت آزادکشمیر محمد سعید مغل ممبر آف برٹش ایمپائر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے انعقاد میں چندماہ رہ گئے ہیں۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں نے پیش گوئیاں شروع کردی ہیں کہ ہماری پارٹی حکومت بنائے گی۔ دوسرے دن دوسری جماعت کے شعلہ بیان نشان دہی کرتا ہے کہ ہماری جماعت کی باری ہے۔سعید مغل ایم بی ای نے کہا 73 سال سے جو پارٹی برسراقتدار آتی ہے اس نے عوام کو کیا دیا ہے بلکہ عوامی حقوق پر ڈاکے ڈال کر اپنا مفاد حاصل کیا ہے۔ عوام کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔امیدوار حلقہ تھری میرپور کی سیٹ کے لئے بڑا زور لگاتے ہیں جس کے عوام پاکستان کی معیشت چلاتی ہے۔ پاکستان کو بجلی منگلا سے جاتی ہے مگر میرپور کے عوام بجلی سے محروم ہیں یہاں پینے کو صاف پانی تک نہیں ملتا۔ گیس کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ سیوریج کا سسٹم بے حد خراب ہے۔ انہوں نے کہا ہے لیڈر زصرف منتخب ہوکر گاڑیوں پر جھنڈے لگانے کے شوقین ہیں عوامی مسائل کی ان کو کوئی پروا نہیں ہے۔ سعید مغل ایم بی ای نے کہا کہ اس دفعہ فیصلہ اہلیت اور میرٹ پر ہوگا جنہوں نے ماضی میں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا عوام ان کو عبرت ناک شکست دیں گے ۔جن لیڈروں نے ماضی میں عوامی حقوق پر ڈاکے ڈالے اور عوام کا استحصال کیا ان کو یقیناً ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے والوں کو کامیاب کیا جائے گا تاکہ عوام کو سکون مل سکے۔