چیف سیکرٹری کا رمضان بازار کا دورہ، اسسٹنٹ میونسپل آفیسر معطل

April 18, 2021

لاہور(خصوصی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وحدت کالونی رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے پر چیف سیکرٹری نے اسسٹنٹ میونسپل آفیسر سہیل گوندل کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران متحرک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں، غفلت کسی صورت بر داشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسر وں کو ہدایت کی کہ قیمتوں کیساتھ ساتھ اشیاء کے معیار، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہر گز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی سمیت ہر شے وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہئے۔ چیف سیکرٹری نے صارفین سے مسائل بھی سنے اور انکے حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بزرگ افراد اور خواتین کیلئے الگ الگ کاؤنٹرز قائم کرنے کا حکم بھی دیا ۔ انہوں نے اے سی ماڈل ٹاؤن کو حکم دیا کہ رمضان بازاروں میں ماسک پہننے، سماجی فاصلہ رکھنے سمیت کورونا وائرس سے بچاؤ کے دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔