چینی کے 3 مختلف نرخ ،بلیک میں 100روپے کلو فروخت

April 18, 2021

لاہور(سپیشل رپورٹر)بازاروں میں چینی تین مختلف نرخوں پر فروخت ہونے لگی ،رمضان پیکج میں 65، روپے، سرکاری نرخوں میں 85روپے اور بلیک نرخوں پر چینی 100روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ چینی کی قلت کے بحران کی وجہ سے صارفین مختلف نرخوں پر چینی خریدنے میں مصروف ہیں، رمضان پیکج کے تحت رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی سٹورو ں میں چینی رعایتی نرخوں پر 65روپے کلو فروخت ہو رہی ہے اور ایک صارف کو 2کلو چینی دستیاب ہوتی ہے، یوٹیلیٹی سٹوروں میں 2کلو چینی کے لئے 1500روپے مالیت کا دیگر سامان خریدنے کی شرط ہے، سرکاری نرخوں پر چینی 85روپے کلو فروخت ہو رہی ہے اور دکاندار ایک صارف کو صرف ایک کلو چینی فروخت کرنے میں مصروف ہیں، بلیک قیمتوں پر چینی 100روپے کلو فروخت ہو رہی ہے، تھوک اور پرچون دکانداروں نے چینی ذخیرہ کر لی ہے اور بلیک قیمتوں پر چینی فروخت کر رہے ہیں ۔