سرکاری ادارے کا افسر بن کر رقم بٹورنے کا ملزم ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

April 18, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے سرکاری ادارے کا افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے مختلف مقدمات میں ملوث ملزم کا مزید 7روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم خالد عرف کمانڈو کے خلاف محمود حسین نے 7 ستمبر 2018 کو حساس ادارے کا افسر بن کر 5لاکھ لوٹنے کا مقدمہ درج کرایا، ملزم نے احمد پور شرقیہ میں غیر قانونی گیٹ وے بنا کر قومی خزانے کو 460.22 امریکی ڈالر کا نقصان پہنچایا، ملزم نے ملتان میں نعمان عرف کاشف کے مسکن میں غیر قانونی گیٹ وے بناکر قومی خزانے کو 733.54امریکی ڈالر کا نقصان پہنچایا اور کون بنے گا کروڑ پتی پروگرام کے نام پر دنیا پور میں غیر قانونی سمز کا اجراء شروع کررکھا تھا۔