پی آئی اے نے مدینہ کی کھجوریں افطار دسترخوان کی زینت بنانے کا انتظام کردیا

April 18, 2021

کورونا وائرس کی ابتر صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر اس کے باعث لگائے گئی پابندی کی وجہ سے اس وقت پاکستان میں شہریوں کے پاس ماہِ رمضان میں دسترخوان پر سعودی عرب بالخصوص مدینہ کی کھجوریں ممکنہ طور پر دکھائی نہیں دیتیں۔

تاہم اب لوگوں کو ان کے دسترخوان پر مدینہ کی کھجوریں پہنچانے کا انتظام قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کردیا ہے۔

پی آئی اے اب اپنی کارگو خدمات کے ذریعے پاکستان میں مدینہ کی کھجوریں آرڈر پر فراہم کرے گی۔

اس مقصد کے لیے پی آئی اے نے عام شہریوں اور کھجوریں درآمد کرنے والوں کے لیے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔

جبکہ خصوصی رعایتی نرخ متعارف کروائے ہیں تاکہ لوگ گھر بیٹھے مدینہ کی کھجوریں حاصل کر سکیں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ مدینہ کارگو آفس کال کرکے آرڈر بک کروایا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں اپنے گھروں پر کھجوریں بھجوا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے بیرون ملک سے پروازوں کا سلسلہ بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سے بھی پروازیں بند ہیں۔

عام مسافروں کے ساتھ ساتھ عمرہ کے خواہش مند افراد بھی سعودی عرب نہیں جا سکتے۔

اس دوران سعودی عرب سے پروازوں کی واپسی جاری ہے جبکہ کارگو سروس پر کوئی پابندی نہیں۔