کرکٹ کو اولمپکس 2028 کا حصہ بنائے جانے کا امکان روشن ہوگیا

April 19, 2021

ممبئی (جنگ نیوز) انڈین کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کو اولمپک گیمز کا حصہ بنانے کی حمایت کر دی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ٹی20 فارمیٹ کو 2028 کے اولمپک گیمز میں شامل کرنے پر زور دیا ہے۔ اس سے قبل سنہ 1900 میں کرکٹ کو پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپک گیمز میں شامل گیا تھا۔ بی سی سی آئی نے اس سے پہلے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی مخالفت کی تھی۔ بی سی سی آئی کے خیال میں کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت سے انڈین بورڈ کی من مانی ختم ہونے کے علاوہ اولمپک کمیٹی کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ تاہم بی سی سی آئی نے جمعے کو ہونے والی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد اپنا مؤقف تبدیل کر لیا ہے۔ بی سی سی آئی کے عہدیدار ارون سنگھ نے روئٹرز کو بتایا کہ کرکٹ کے اولمپکس میں شمولیت پر دلچسپی رکھتے ہیں تاہم اس حوالے سے تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے۔ بی سی سی آئی نے خواتین کی کرکٹ ٹیم کو بھی آئندہ سال برمنگھم میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں بھیجنے پر آمدگی کا اظہار کیا ہے۔ سنہ 1998 میں پہلی مرتبہ کرکٹ کو کامن ویلتھ گیمز کا حصہ بنایا گیا تھا جب جنوبی افریقی ٹیم نے کوالا لمپور میں گولڈ میڈل بھی جیتا تھا۔