ہرارے میں پاکستانی کرکٹرز کا کوویڈ ٹیسٹ کلیئر، آج سے پریکٹس شروع

April 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیمیں ہرارےپہنچنے کے بعد پیر سے ٹی20 سیریز کی تیاریوں کا آغاز کریں گی۔ دونوں ٹیمیں کورونا ٹیسٹنگ کے بعد اب بایو سیکیور ماحول میں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوویڈ 19 ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں۔ ہرارے پہنچنے پر کوویڈ ٹیسٹ ہوئے تھے۔ پاکستان ٹیم زمبابوے ٹائم کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے ٹریننگ کرے گی۔سیریز کا پہلا میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔ زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ برینڈن ٹیلر اور کریگ ایرون کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے شان ولیمز قیادت کریں گے۔ دونوں تجربہ کار کھلاڑی پاکستان نہیں آئے تھے۔ اور پھرافغانستان کی سیریز میں بھی شریک نہیں تھے۔ڈومیسٹک کرکٹ کے پانچ میچوں میں چار نصف سنچریاں بنانے والےبیٹسمین مارو مانی کو پہلی بار ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ افغانستان کے خلاف متحدہ عرب امارات کی سیریز میں شریک پانچ کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ میچ مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ اور پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہوں گے۔کوویڈ پروٹوکول کے تحت تماشائیوں کو ہرارے اسپورٹس کلب میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔