اسکاٹ لینڈ میں ایک لاکھ70ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، انس سرور

April 19, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹس لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور نے یو کے کی لیبر پارٹی کے سربراہ سرکیئر سٹارمر ایڈنبرا ایئرپورٹ کا دورہ کیا، انس سرور نے کہا کہ ہم نےا سکاٹ لینڈ میں ایک لاکھ ستر ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا منصوبہ تیار کیا جو سکاٹس پارلیمنٹ کے دوبارہ احیا کے بعد ملازمتوں کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہوگا۔ ان میں جابس فار ری کوری JOBS FOR RECOVERY کے نام سے 60ہزار ایسی ملازمتیں ہوں گی جس میں ہر نوجوان کو کم ازکم ہر ماہ کی یقینی ملازمت ملے گی۔ انس سرور نے کہا کہ ا سکاٹ لینڈ کو اس وقت ملازمتوں کے بحران کا سامنا ہے اگر ہم نے حالات کو بہتر بنانے کیلئے فوری ایکشن نہ لیا تو اس کے نتیجے میں لاکھوں ملازمتیں ختم ہوسکتی ہیں۔ علاوہ ازیں انس سرور پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ لیبر پارٹی برسر اقتدار آکر 75سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو مفت ٹی وی لائسنس دے گی، ای ٹیل اور ٹورازم کی انڈسٹری کو مضبوط کرنے کیلئے سولہ سال سے زیادہ عمر کے ہر فرد کو 75پونڈ کے ووچرز دیئے جائیں گے جنہیں وہ ہائی ٹریک یا مقامی ہالیڈیز پر خرچ کرسکیں گے۔ وہ افراد جو سکاٹ لینڈ میں دو دن کیلئے ہوٹل بک کرائیں گے ان کو تیسرے دن کیلئے مفت رہائش کیلئے سو پونڈ دیئے جائیں گے۔ انس سرور نے مزید کہا کہ اس بحرانی وقت میں ہمارا سب سے بڑا مسئلہ آزادی کا ریفرنڈم نہیں بلکہ کورونا کے بعد معیشت کی بحالی، تعلیم اورنیشنل ہیلتھ سروس وغیرہ ہیں، ہم نے ایسے تمام معاملات سے دور رہنا ہے جو قوم کو تقسیم کریں اس وقت اتحاد و قومی یکجہتی ہماری سب سے بڑی ضرورت ہے۔ لیبر پارٹی یو کے کے سربراہ سرکیئرسٹارمر نے انس سرور کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ دلیل کے ساتھ بات کرتے ہیں، سکاٹ لینڈ کے مفادات کا مسئلہ بڑے اچھے طریقے سے پیش کرتے ہیں اور ایسے معاملات پر فوکس کرتے ہیں جن پر دوسرے سیاستدان توجہ نہیں دے سکے۔ سرکیئر سٹارمر نے کہا کہ انس سرور میں سکاٹش حکومت کا سربراہ بننے کی پوری صلاحیتیں بدرجہ اتم پائی جاتی ہیں۔