کرغز وزیر کورونا کے علاج کی غرض سے زہریلا محلول پی گئے

April 19, 2021

پیرس (اے ایف پی )کرغز وزیر صحافیوں کے سامنے کورونا کے علاج کی غرض سے زہریلا محلول پی گئے ۔تفصیلات کے مطابق کرغزستان میں ایک زہریلی جڑی بوٹی کو کورونا وائرس کے علاج کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب ملک کو صحت کے حوالے سے سنجیدہ انتباہ کے باوجود انفیکشن کی نئی لہر کا سامنا ہے۔اے ایف پی کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے جمعے کے روز کورونا وائرس کے اس علاج کا کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ ملک کے صدر نے پچھلے سال اس بوٹی کے ذریعے ہزاروں بیمار قیدیوں کا علاج اس وقت کیا جب وہ جیل میں تھے۔وزیر صحت الیمکادر بیشنالئیف نے صحافیوں کے سامنے اس محلول کے گھونٹ بھی بھرے جو ایکونائٹ نامی زیریلے پودے سے بنا تھا۔انہوں نے صحافیوں کو اس کے علاج کی خصوصیات بھی بتائیں۔انہوں نے کہا کہ ’یہ صحت کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔یہ بتاتے ہوئے وہ محلول کو غٹاغٹ پی گئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’آپ کو اسے گرم گرم پینا ہے اور اس کے دو یا تین روز بعد وہ مریض بھی بہتر ہونا شروع ہو جاتا ہے جس کا پی سی آر ٹیسٹ پازیٹیو ہوتا ہے۔ایکونائٹ کی جڑ کو زہریلا ہونے کے باوجود روایتی طور پر ادویات کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔