ہمارے داخلی امور میں مداخلت سے باز رہا جائے ،چین

April 19, 2021

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن اور جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کی ملاقات پر چینی سفارتخانے کا ردعمل سامنے آگیا۔ چینی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ تائیوان، ہانگ کانگ اور سنکیانگ چین کے داخلی امور ہیں۔ چینی سفارتخانے نے کہا کہ چین کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا جاپان کے مشترکہ اعلامیہ کی مخالفت کرتے ہیں۔ چینی سفارتخانہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امریکا جاپان مشترکہ بیان خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے 20 جنوری 2021ء کو اقتدار سنبھالنے کے بعد جمعہ کے روز پہلی بار وائٹ ہاؤس میں کسی غیر ملکی رہنما کا استقبال کرتے ہوئے جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا سے ملاقات کی ہے۔ مذاکرات کے بعد دونوں سربراہان نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ جو بائیڈن نے اس ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سوگا اور انہوں نے واشنگٹن ٹوکیو اتحاد اور مشترکہ سلامتی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے ایجنڈا میں چین سرفہرست رہا۔ بائیڈن نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اتحادی روابط پر ایک بار پھر زور دیا گیا ہے۔ چین کے مشرقی بحیرہ چین اور جنوبی بحیرہ چین جیسے معاملات پر موقف کا تعین کرنے اور شمالی کوریا کے بارے میں مل جل کر کام کرنے کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ہند بحرالکاہل کے اطراف کے ہمارے دوستوں اور ہمسائیوں سے تعاون کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کریں گے۔ بائیڈن نے بیجنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی کوششوں میں جاپان کے مرکزی کردار پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے جیوپولیٹیکل امور کے ساتھ ساتھ بالخصوص آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔