برطانیہ میں مقیم نوجوان صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنیں،طارق وزیر

April 19, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل)برطانیہ میں کورونا وبا سے پچھلے تین ماہ سے جاری سخت لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد صحت مند سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے گریٹر مانچسٹر امیچور کرکٹ لیگ میں کھیلنے والی ٹیموں پنجاب الیون کرکٹ کلب اور مانچسٹر سٹالیین کے درمیان اولڈہم کرکٹ کلب گراؤنڈ میں دوستانہ میچ کھیلا گیا۔پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں تعینات قونصل جنرل طارق وزیر بھی بحیثیت کھلاڑی میچ کا حصہ بنے۔ قونصل جنرل طارق وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا کہ اپنے نوجوان جو برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں انکی حوصلہ افزائی کے لیے ہم بھی اپنا کردار ادا کرنے کے لیے شانہ بشانہ ساتھ کھیلیں تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہو اور صحت مند سرگرمی کا حصہ بھی بنیں۔ ڈپٹی مئیر راچڈیل کونسلر عاصم رشید کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے جو لوگ گھروں میں بیٹھ کر سخت ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں، کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے کہ لوگ باہر نکلیں گے دوست احباب ایک دوسرے کو ملیں گے اور انگلش کرکٹ بورڈ کی وضع کردہ اصولوں کو اپناتے ہوئے یہ مناسب وقت ہے کہ ہم دوبارہ سے معمولات زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔ محمد ندیم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا دوبارہ آغاز ہوا ہے ہم اس سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے ۔ رضوان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سیزن کا دوبارہ آغاز ہونے جا رہا ہے ہم مقابلے میں دیگر ٹیموں کے ساتھ جان لڑا کر کھیلیں گے ۔کرکٹ سیزن کے آغاز پر کھیل سے دلی لگاؤ رکھنے والے مختلف ٹیموں کے کھلاڑی نظم و ضبط اور سخت محنت سے اپنی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔