ماہ صیام۔۔۔خیرخواہی کا مہینہ

April 19, 2021

ہالینڈ کی ڈائری۔۔راجہ فاروق حیدر
رحمتوں برکتوں اور فضیلتوں کے مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے ہالینڈ میں رمضان المبارک کا آغاز دو مختلف دنوں 13 اور 14 اپریل منگل بدھ کو کیا گیا، زیادہ تر مسلم کمیونٹی نے 13 اپریل بروز منگل کو ہی رمضان المبارک کا آغاز کیا جبکہ شیعان حیدر کرار نے بھی 14 اپریل بروز بدھ کو ہی رمضان المبارک کا آغاز کیا۔ ہالینڈ میں 12 لاکھ کے قریب مسلم کمیونٹی آباد ہے۔ ہالینڈ میں اس سال کویڈ 19 کی پابندیوں کی وجہ سے مساجد میں نماز تراویح ادا نہیں کی جارہی، لاک ڈائون کے علاوہ رات کے دوران کرفیو کا نفاذ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے ہالینڈ میں کورونا وائرس کے 51 ہزار 240 کیسز مثبت آئےاور 17 سو لوگوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔ کورونا وائرس سے ایک سو 75 افراد کی اموات واقع ہوئی اس وقت کویڈ 19 کی وجہ سے پوری دنیا اضطراب کا شکار ہے اللہ تعالیٰ رحمت اللعالمین اور ان کی آل پاک کے صدقے پوری انسانیت کو اس موذی وباء سے نجات دے۔ رمضان المبارک رب کائنات کی عطائوں، بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں قرآن جیسی عظیم الشان کتاب نازل ہوئی جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے سرچشمہ ہدایت ہے۔ اس بابرکت مہینے میں امت مسلمہ کو خداوند کریم کے حضور گڑگڑا کر اس موذی وباء کے خاتمے کے لئے دعائیں کرنا ہو ں گی۔ آج کے کالم میں میں اپنے اوورسیز بھائیوں سے چند گزارشات کروںگا وطن عزیز پاکستان میں غربت اور افلاس کی وجہ سے زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔ کویڈ 19 کی وجہ سے بھی لوگوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے وہ لوگ جن کے پاس وسائل نہیں وہ آپ کی امداد کے مستحق ہیں بے شمار خاندان اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھ کر گھروں میں آپ کی مدد کے منتظر ہیں، مہنگائی کے طوفان نے مزدور طبقہ کی کمر توڑ دی ہے اس بات میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ حب الوطنی اور دکھی انسانیت کے ساتھ فی سبیل اللہ تعاون کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ میرا تعلق مختلف سماجی اور رفاہی تنظیموں سے ہے اور میڈیا پرسن ہونے کی وجہ سے مجھے بے شمار چیرٹی پروگراموں میں جانے کا اتفاق ہوتا رہتا ہے میں نے اپنی آنکھوں سے پاکستان کے ہسپتالوں اور رفاہی اداروں کے لئے لاکھوں پونڈ یورو جمع ہوتے دیکھے ہیں۔ذرا نم ہو تو یہ مٹی زرخیز ہے ساقی۔۔۔۔اس وقت پاکستان میں ہر شہر میں بہت ساری رفاہی تنظیمیں کارخیر انجام دے رہی ہیں ہمیں ان کی معاونت کرنی چاہئے۔ یہ متبرک او رخیرخواہی کا ماہ صیاہ یہ تقاضہ کرتا ہے کہ اہل ثروت اللہ تعالیٰ کے عطا کئے ہوئے مال سے معاشرے کے نادار غرباء مساکین اور یتامیٰ کا حصہ نکالیں جبکہ یہ بات مصدقہ ہے کہ اس ماہ مبارک میں ہر نیک عمل کا اجر زیادہ ہے۔ مولانا رومی کا قول ہے انسانیت سے محبت اللہ تعالیٰ کے نزدیک قرب حاصل کرنے کا بہترین راستہ ہے۔ وطن عزیز میں موجودہ کشمکش سے اوورسیز پاکستانیوں میں تشویش پائی جاتی ہے تمام مسائل افہام و تفہیم سے حل کرنے ہوںگے۔ نبی کریم سید المرسلینؐ کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔آپﷺ کی سیرت پاک اور تعلیمات پر عمل کرنا ضروری ہے یہی محبت کا تقاضہ ہے تشدد کے راستے سے رحمت اللعالمین نے ہمیشہ منع فرمایا ہے انسانی جان کی بڑی حرمت ہے۔