جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے ،حافظ نعیم

April 19, 2021

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ سے ادارہ نورحق میں پاکستانی ماہی گیروں نے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ بین الاقوامی امور اور ڈائریکٹر امور خارجہ نوید علی بیگ کی کوششوں سے وطن واپسی ممکن بنانے پران کا شکریہ ادا کیا، حافظ نعیم الرحمنٰ نے ماہی گیروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ کا ترجمہ تفہیم القرآن کا سیٹ بطور ہدیہ پیش کیا، اس موقع پر ڈپٹی سکریٹریز کراچی یونس بارائی،راشد قریشی، جماعت اسلامی کراچی کے ڈائریکٹر امور خارجہ نوید علی بیگ،کو آرڈینیٹر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی منظر عالم، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہاکہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوموں اور محروموں کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی ساتھ رہے گی،آپ جماعت اسلامی سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں،ملک میں عدل و انصاف کے قیام اور دین کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں۔وطن واپس لوٹنے والے ماہی گیروں میں جمیل احمد ولد غلام مصطفی،عبد الواحد ولد عبد الشکور،عبد اللہ ولد جمیل احمد،نواب ولد نواز ودیگر شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ سمندری راستوں میں طغیانی کے باعث ہماری کشتی خراب ہوگئی تھی جس کے باعث ہم راستہ بھٹک گئے اور قریباً ایک ماہ تک سمندر میں ہی بے یارومددگار پھنسے رہے،جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں جس نے انڈونیشیا کے سفارتخانے سے رابطہ کر کے ہمیں رہا کروانے اور وطن واپس لانے کے لیے بات چیت کی جس کے نتیجے میں آج ہم اپنوں کے درمیان موجود ہیں،انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیا کی حکومت نے ہمیں ایمیگریشن آفس میں ٹھہرایا تھا جہاں ہمیں تمام بنیادی ضروریات فراہم کی گئیں تھیں ۔