حکومت تشدد چھوڑ کر مذاکرات کرے، سیاسی و مذہبی رہنما

April 19, 2021

اسلام آ باد ،پنڈی گھیب( نیوز رپورٹر،نامہ نگار ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ گولی ہر مسئلہ کا حل نہیں ہے،ریاستی طاقت کے بے جا استعمال کے نتائج برآمد ہوتے ہیں ،پولیس راہ گیروں اور شہریوں پر بھی لاٹھیاں برسا رہی ہے یہ بند ہونا چاہیے، حکومت مذاکرات سے مسئلہ حل کرے، 2 روز سے جو کچھ لاہور میں ہو رہا ہے وہ قابل تشویش ہے، پولیس ہمیشہ تشدد، شیلنگ اور اندھا دھند فائرنگ سے حالات بگاڑتی ہے، ، پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی ،جنرل سیکرٹری مولانا زاہد الراشدی،مولانا عبدالقیوم حقانی ،مولانا عبدالرزاق ،مفتی رشید احمد درخواستی، مولانا قاری جمیل الرحمن اختر ،مولانا شبیر احمد کاشمیری، مولانا عبدالرؤف محمدی ،پروفیسر حافظ منیر احمد اور دیگر رہنماؤں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں شہریوں پر تشدد کی بدترین مثال ہے، ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران اپنے ہی وطن میں خون کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں ، وطن عزیز کو اس مشکل سے نکالنے کے لیے تمام دینی و مذہبی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا ،مذہب پسندوں کو کارنر کرنے اور دیوار سے لگانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،لال مسجد پر طاقت کے استعمال کا خمیازہ آج تک پوری قوم بھگت رہی ہے اب حکومت نیا کھیل کھیلنے سے باز رہے ۔