پولیس نے سیلف ڈیفنس میں کارروائی کی، فردوس عاشق

April 19, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پروگرام جیو پاکستان میں میزبان عبدﷲ سلطان اور ہما امیر شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ پولیس نے سیلف ڈیفنس میں کارروائی کی ، نوا کوٹ پولیس اسٹیشن پر ڈی ایس پی سمیت بارہ پولیس والوں کو اغوا کر لیا گیاتھا، رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا ﷲ نے کہا کہ میں نے جو کہا وہ ہرگز دھمکی یا سخت زبان نہیں ہے جس طرح شریف فیملی یا مسلم لیگ کے دوسرے لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اگر اس انتقام کا کوئی بھی انتظامی افسر حصہ بنتا ہے اسے اُس کے ممکنہ نتائج سے متعلق خبردار کرنا دھمکی نہیں ہے، شوکت خانم کینسر اسپتال سے ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ اس سال ہمارا بجٹ انیس ارب روپے ہے جوتینوں سینٹرز کے لیے ہے 75 فیصد سے زیادہ ہمارے مریضوں کا مکمل مفت علاج ہوتا ہے۔ ہم نے پچھلے سال کراچی میں شوکت خانم کا جو پاکستان میں سب سے بڑا ہوگا اس کی تعمیر کا کام شروع کیا انشاء ﷲ ڈھائی سال میں مکمل ہوگا اس سے نا صرف کراچی ، سندھ اور جنوبی بلوچستان کے مریضوں کو بھی ٹریٹ کر پائیں گے،پروگرام میں بتایا گیا کہ پاکستان کی تاریخ کا منفرد آپریشن مریض کے جگر سے ٹیومر الگ کر کے واپس لگا دیا گیا، معالج امراض جگر ڈاکٹر جہانزیب حیدر نے کہا کہ یہ ٹرانسپلانٹ روایتی ٹرانسپلانٹ سے مشکل ہے روایتی ٹرانسپلانٹ پوری دنیا میں عام ہے لیکن جگر کا آٹو ٹرانسپلانٹ دنیا میں اب تک پندرہ سے اٹھارہ کیس ریکارڈ ہوئے ہیں ۔جگر کے عام ٹرانسپلانٹ کروانے میں ساٹھ ستر لاکھ خرچہ آجاتا ہے اگر ملک کے اندر کروایا جائے اگر ملک سے باہر جا کر کروایا جائے تو کروڑوں میں خرچہ آتا ہے۔جب کہ آٹو ٹرانسپلانٹ پر کم خرچہ آتا ہے کیوں کہ اس میں ڈونر نہیں ہوتا اور صرف مریض کی ہی سرجری تک محدود ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جیو کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہاں عوام کو مشکل آتی ہے ہماری ذمہ دای ہے عوام کو مشکل سے نجات دلائیں، اسی صورتحال کا سامنا صبح تھانہ نوا کوٹ پولیس اسٹیشن پر کچھ شر پسند عناصر نے حملہ کیا وہاں رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو محدود کیا اور چھ پولیس والے زخمی ہوئے اور ڈی ایس پی سمیت بارہ پولیس والوں کو اغوا کر لیا گیا، پولیس کے سنیئر آفیشلز کو جب اطلاع ملی پھر اس پر کارروائی کی گئی اور اغواکاروں کے پاس پچاس ہزار لیٹر کا آئل ٹینکر بھی تھا جس سے پیٹرول بم بنائے گئے اور اطرا ف کے علاقے کو جام کر دیا ۔ الحمد للہ لاء اینڈ فورسز اور پولیس کی مدد سے راستے کھول دئیے گئے ہیں پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروالیا گیا ۔ ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید نے کہا کہ تیسری لہر پوری دنیا میں خطرناک ثابت ہو رہی ہے آج بھارت میں ریکارڈ سطح پر کیسز اور اموات ہوئی ہیں ، پاکستان میں مریضوں اور انتقال کر جانے والوں کی تعداد زیادہ ہے لیکن شکر الحمدللہ کسی بھی جگہ پر طبی سامان کی کمی یا دوائیوں کی کمی کی شکایت نہیں آئی ہے اور حالات ابھی بھی کنٹرول میں ہیں۔