آئی جی پنجاب کا مقدمات کی تفتیش کیلئےٹائم فریم مقرر کرنے کا حکم

April 19, 2021

لاہور(کرائم رپورٹر سے)آئی جی پنجاب نے مقدمات کی تفتیش کیلئےٹائم فریم مقرر کرنے کا حکم دیدیا، کیسز کی تفتیش میں تاخیر پر متعلقہ اعلیٰ افسروں کو الرٹ جاری ہوگا۔آئی جی پنجاب نے مقدمات کی تفتیش مکمل کر کے چالان جمع کروانے کا اوسط وقت نکال کر ٹائم فریم مقرر کرنے کا حکم دیاہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں قتل، ڈکیتی، چوری، لین دین، ریپ سمیت دیگر کیسز کا چالان جمع کروانے کیلئے مقررہ دنوں میں تفتیش مکمل کی جائے گی، تمام اضلاع میں گزشتہ سال کے دوران کیسز کی تفتیش اور چالان جمع کروانے کی ایوریج نکالی جائے گی۔ ایوریج کے بعد متعلقہ اضلاع کو مقررہ دنوں میں تفتیش مکمل کرنے کیلئے کیسز کا ٹائم مقرر کیا جائے گا، تمام کیسز کی تفتیش کا نظام آن لائن سسٹم کے ساتھ جوڑا جائے گا، تاکہ اگر تفتیش مقررہ وقت میں مکمل نہ ہو تو اعلیٰ افسران کوالرٹ جاری ہو، نئے سسٹم سے تھانوں میں تفتیشی افسران کی ضرورت کا بھی پتہ چل سکے گا۔تھانوں میں کتنے کیسز زیر تفتیش ہیں، اس کے مطابق تفتیشی افسران فراہم کیے جائیں گے، آئی جی پنجاب نے تفتیشی عمل بہتر بنانے کیلئے ڈی آئی جی آئی ٹی کی ورکنگ کیلئے احکامات جاری کئے تھے، ڈی آئی جی آئی ٹی نے نئے سافٹ ویئرکی تیاری کیلئے کام شروع کردیا۔