سرکاری پروگرام ’خدمت آپ کی دہلیز پر‘ آج شروع کیا جائےگا

April 19, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں "خدمت آپ کی دہلیز پر" پروگرام آج سوموار سے لانچ کیا جائے گا۔چار ہفتوں پر مبنی پروگرام کا مقصد پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے پروگرام کے مطابق صفائی، وال چاکنگ، آوارہ کتوں کی تلفی کے لئے مہم شروع کی جائے گی۔پرائس چیکنک ، غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون بھی پروگرام کا حصہ ہوگا۔تمام محکمے بیس لائن ڈیٹا اکٹھا کریں گے اور اس کی جیو ٹیگنگ کریں گے اور پی آئی ٹی بی سے شئیر کریں گے۔پروگرام کے سلسلے میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اس حوالے سے ایپ تیار کی ہے۔ ایپ کے زریعے فیلڈ سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ ایپ کے ذریعے شہری بھی محکموں کی سرگرمیوں بارے فیڈ بیک دے سکیں گے۔محکموں کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔بہتر کارکردگی پر انعام جبکہ ناقص کارکردگی پر متعلقہ آفیسر کے خلاف کاروائی ہو گی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت" خدمت آپ کی دہلیز پر" پروگرام کامیاب بنانے کے لئے گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز ،ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر،ایم ڈی واسا،محکمہ پولیس،پی ایچ اے،انہار اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے شروع ہونیوالے پہلے ہفتے میں صوبہ بھر کی طرح ملتان میں بھی ہفتہ صفائی کا آغاز کیا جائے گا۔