غیرقانونی حراست پر افسران کا سخت احتساب ہوگا،ایڈیشنل آئی جی

April 19, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ شہریوں کی غیر قانونی حراست اور ہراسمنٹ میں ملوث افسران کا سخت احتساب کیا جائے گا، وردی کو طاقت کے بجائے عوام کی خدمت کی ذمہ داری سمجھ کر فرائض انجام دینے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے گزشتہ شب ضلع مظفر گڑھ کا دورہ کیا، شیر شاہ ٹول پلازہ ناکہ پر رک کر پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی اور ٹول پلازہ پر پولیس کے لگے کیمرے اور سکریننگ سسٹم کی جانچ پڑتال کی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی کہ ماہ رمضان المبارک میں موثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے جائیں اور جنوبی پنجاب کے تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھرپور ناکہ بندی کی جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ناکوں پر کیمرے اور جدید سیکورٹی آلات فراہم کئے جائیں تاکہ مجرموں اور اسمگلروں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے ناکوں پر گاڑیوں کی موثر سکریننگ کی جاسکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ناکوں پر متعین پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس سمیت مکمل حفاظتی سامان کے ساتھ فرائض سرانجام دیں اور موٹر وے و پٹرولنگ پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے مشترکہ انفارمیشن سسٹم کے تحت ناکہ بندی موثر بنائیں۔بعد ازاں وہ رات گئے تھانہ سٹی اور تھانہ صدر مظفرگڑھ پہنچے حوالات کا معائنہ اور ملزموں کا ریکارڈ چیک کیا۔ اس موقع پرڈی پی او محمد حسن اقبال نے امن و امان پر تفصیلی بریفننگ بھی دی۔ایڈیشنل آئی جی نے کوت میں اسلحہ ایمونیشن اور مال خانہ بھی چیک کیا۔