دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی سر کرنے والے کوہِ پیماؤں نے کامیابی علی سدپارہ کے نام کردی

April 19, 2021

پاکستانی کوہ پیماؤں سر باز خان اور عبدل جوشی نے دنیا کی دسویں سب سے اونچی چوٹی اناپورنا سر کرنے کی کامیابی کا سہرا علی سدپارہ کے سر سجادیا۔

علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں دونوں کوہِ پیماؤں کو نئی تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ اناپورنا سَر کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز اپنے نام کرنے پر میں آپ دونوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساجد سدپارہ نے کہا کہ اپنی کامیابی میرے مرحوم والد محمد علی سدپارہ کے نام کرنے پر میں دونوں کا شکرگزار ہوں۔

واضح رہے کہ پانچ فروری کو سردیوں میں مہم جوئی کے دوران کے ٹو پر لاپتہ ہونے والے 45 سالہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی موت کی تصدیق کی گئی۔

45 سالہ علی سدپارہ کو موسم سرما میں دنیا کی بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ کوہ پیمائی میں اپنی مہارت کی وجہ سے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔