وویک اوبرائے نے اپنے مرنے کی خبروں کی تردید کردی

April 19, 2021

بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش اپنی موت کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

حال ہی میں بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وویک دل کا دور پڑنے کی وجہ سے چل بسے جس کے بعد نام کی مماثلت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

سوشل میڈیا زیرِ گردش ان جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار وویک اوبرائے کا بیان سامنے آگیا ہے۔

وویک اوبرائے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’ چنائے کے اسپتال میں میرے داخل ہونے کی خبریں بالکل بےبنیاد اور جھوٹی ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’میں یہاں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں ممبئی میں اپنی فیملی کے ہمراہ بالکل صحتمند اور محفوظ ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’تامل اداکار وویک کی اچانک موت کی خبر سُن کر بہت دُکھ ہوا اور میں اس موقع پر اداکار کی فیملی سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کی تامل فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار وویک 59 سال کی عُمر میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل اداکار وویک کو جمعے کے روز دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد اُنہیں چنائے کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق تامل اداکار وویک دل کی تکلیف برداشت نہ کرتے ہوئے ہفتہ کی صبح 4 بج کر 45 منٹ پر اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔