بالی ووڈ میں کورونا سے بیروزگاری، دلیپ کمار کے بھتیجے ایوب خان مفلسی کا شکار

April 19, 2021

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے اداکار ایوب خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایسے حالات پیدا ہوگئے ہیں کہ اب وہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ انھیں لوگوں سے مدد مانگنا پڑے گی۔

انکا کہنا ہے کہ انھوں نے گزشتہ ڈیڑھ برس سے کچھ نہیں کمایا اور اب جمع پونجی بھی ختم ہونے کو ہے۔

انھیں خدشہ ہے کہ اگر کورونا وائرس کا بحران جاری رہا اور حالات میں بہتری نہ آئی تو ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی آپشن نہ ہوگا کہ وہ مدد کے لیے لوگوں کی جانب دیکھیں۔

دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی اداکار ناصر خان اور 1940 اور 1950 کے عشرے کی معروف اداکارہ بیگم پارہ کے بیٹے ایوب خان کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کی وجہ سے نافذ کردہ پندرہ روزہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شوٹنگ بند ہے، اور کام متاثر ہورہا ہے اور ہر کوئی زندگی گزارنے کے لیے ہاتھ پاؤں مارہا ہے۔

52 سالہ ایوب خان نے کہا کہ میں ڈیڑھ برس سے مسلسل بیکار بیٹھا ہوں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پھر لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہ جائے گا۔