سپر لیگ میں بایوببل کی ذمہ داری برطانوی کمپنی کے سپرد

April 20, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں بایو ببل کے لئے برطانوی کمپنی کی جانب سے بھاری معاوضے کی وجہ سے پی سی بی نے طویل المعیاد معاہدے سے گریز کیا ہے۔ بیس میچوں کے بعد پی سی بی اس بات کاجائزہ لے گا طویل معاہدہ کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور غیر ملکی کمپنی کے درمیان جون کی پی ایس ایل کے لئے معاملات طے ہوگئے ہیں ، کمپنی کے وکلاء معاہدے کے ڈرافٹ کا جائزہ لے رہے ہی ۔معاہدے پر جلد دستخط ہوجائیں گے ۔ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پی سی سی نے باقی ماندہ میچز کے لیے برطانوی کمپنی کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔کامیاب تجربے کے بعد آئندہ ہوم سیریز کے لیے یہی کمپنی ذمے داریاں نبھائے گی۔ کوویڈ پروٹوکولز پر عمل درآمد کرانے کی ذمے داری کمپنی کی ہو گی ۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم سے 20 جون تک کراچی میں ہوں گے ۔ 22سے 28 مئی تک قرنطینہ کی مدت رکھی گئی ہے ۔ ‏ 29سے 31 مئی تک ٹیمیں ٹریننگ سیشن کریں گی ‏ ۔کوویڈ 19 کیسز اور بائیو سیکور ببل کی خلاف ورزیوں پر پی ایس ایل ملتوی کی گئی تھی۔