ایف آئی اے سندھ میں پھر بڑے پیمانے پر تبادلے

April 20, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے سندھ زون میں تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر تبادلے کردیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوید احمد نثار خواجہ کے نوٹیفکیشن نمبر 40/2021کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی میں تعینات سابق قائم مقام سربراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف شیخ کو اسٹیٹ بینک سرکل کا قائم مقام سربراہ تعینات کردیا گیا ہے اور وہاں تعینات قائم مقام سربراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سراج پنہور کا تبادلہ بطور قائم مقام سربراہ کرائم زونل آفس کردیا گیا ہے۔ ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر مصطفیٰ حسین کلہوڑو کا تبادلہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل سے امیگریشن اور وہاں سے انسپکٹر فراست علی خان کا اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کردیا گیا ہے۔ ایک تیسرے نوٹیفکیشن کے مطابق امیگریشن جناح ایئرپورٹ پر تعینات انسپکٹر نازیہ سلیم، ایس آئی صبا جعفری اور اے ایس آئی شہناز خان کو ایک شکایت پر فوری طور پر تبادلے اے سی سی اور اے ایچ ٹی سی سرکل میں کردیا گیا ہے جبکہ راشد خانزادہ، ایس آئی عباس علی خان اور اے ایس آئی سائبر ثناء اللہ کے تبادلے امیگریشن ڈپارٹمنٹ میں کردیئے گئے ہیں۔