سیاسی ڈائری، وزراء کے چہروں سے خوف اور سراسیمگی عیاں تھی

April 20, 2021

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) وزراء کے چہروں سے خوف اور سراسیمگی عیاں تھی ،اسپیکر نے حزب اختلاف کے بارے میں اپنے صریح جانبدارانہ رویئے کو برقرار رکھا،امن و امان اور ہنگامہ آرائی کی ملک میں مسلط وحشت ناک فضا کو لیکر حکومت نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں قومی اسمبلی میں کوئی ایسا بیان نہیں دیا جس سے حالات اور حقائق کی صحیح رخ کا ادراک ہوسکے۔ قائد ایوان وزیراعظم عمران خان نے عوام کے نمائندہ دعویدار ایوان میں حاضر ہونے اور اسے صورتحال کےبارے میں اعتماد میں لینے کی بجائے ’’قوم سے خطاب‘‘ کے ذریعے اپنا مافی الضمیر بیان کرنے کی راہ اختیار کی جس میں کئی حقائق مسخ کئے گئے مغرب کو دنیا میں سب سے زیادہ سمجھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ شیطان رشدی کی کتاب کا قضیہ جب عالم اسلام کے غیض و غضب کا ہدف بنا تو پاکستان میں وزیراعظم نواز شریف نہیں تھے ۔