اسٹاک مارکیٹ: نئےکاروباری ہفتے کا منفی آغاز، 392 پوائنٹس کم

April 20, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، فروخت کے دباو کی وجہ سے نئے کاروباری ہفتے کا منفی آغاز ہوا ، کے ایس ای100انڈیکس میں 392پوائنٹس کی کمی ہوئی، 45ہزار کی حد برقرار نہ رہی ،67.28 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت 52ارب 86 کروڑ 94 لاکھ روپے گھٹ گئی لیکن فروخت بڑھنے کی وجہ سے کاروباری حجم میں 109.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری کشیدگی اور ہڑتال کے باعث پیر کو سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا رحجان دیکھنے میں آیا جس کے باعث کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مندی چھا گئی اور ایک موقع پر 693پوائنٹس کی کمی سے100انڈیکس 44611پوائنٹس تک نیچے آگیا تاہم پھر اختتام سے پہلے کچھ ریکوری سے کے ایس ای100انڈیکس 392.06پوائنٹس کی کمی سے 45305.63پوائنٹس سے کم ہو کر 44913.57پوائنٹس پر آکر بند ہوا ، مندی کے باعث کے ایس ای30انڈیکس بھی 174.88پوائنٹس کی کمی سے 18362.90پوائنٹس ہو گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس 191.42پوائنٹس کی کمی سے 30530.86پوائنٹس پر آگیا ، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 379 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا ، 109 کے بھاو میں اضافہ ، 255 کے بھاو میں کمی اور 15 کے بھاو مستحکم رہے ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 52ارب 86 کروڑ 94لاکھ 22ہزار کی کمی سے 7851 ارب 63 کروڑ 36 لاکھ 70ہزار روپے ہو گئی ، فروخت کا دباو بڑھنے سے کاروباری حجم گذشتہ سیشن کی نسبت 18 کروڑ 85لاکھ 75ہزار شیئرز کے اضافے سے 17 کروڑ 35 لاکھ 22ہزار سے بڑھ کر 36 کروڑ 30لاکھ 97 ہزار شیئرز ہو گیا ، کاروباری حجم کے لحاظ سے ورلڈ کال ، بائیکو پیٹرولیم ، ٹی آر جی ، غنی گلوبل اور ٹیلی کارڈ سر فہرست رہے ، پیر کو سب سے زیادہ شیئرز کی قیمت ماڑی پیٹرولیم اور رفحان میز کے شیئرز کی بڑھی جو 46.00 روپے اور 44.50روپے فی شیئرز تھی دوسری جانب سب سے زیادہ کمی کولگیٹ پامولیو اور نیسئلے پاکستان کے شیئرز کی قیمت میں ہو ئی جو 90.00 روپے اور 56.82 روپے فی شیئرز تھی۔