رواں مالی سال مصالحہ جات کی درآمدات میں 31.32 فیصد اضافہ

April 20, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)رواں مالی سال کے دوران مصالحہ جات کی درآمدات میں 31.32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں جولائی تا فروری 21-2020 کے دوران درآمدات کا حجم 138.361 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 20-2019 کے دوران مصالحہ جات کی درآمدات 105.365 ملین ڈالر رہی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران مصالحہ جات کی قومی درآمدات میں 32.996 ملین ڈالر یعنی 31 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں بالحاظ وزن بھی مصالحہ جات کی درآمدات 33.34 فیصد اضافہ سے 90 ہزار 185 میٹرک ٹن کے مقابہ میں ایک لاکھ 20 ہزار 250 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں۔ ادھر فروری 2020 کے مقابلہ میں فروری 2021 کے دوران بھی درآمدات میں 36.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فروری 2020 کے دوران مصالحہ جات کی ملکی درآمدات کا حجم 13.682 ملین ڈالر رہا تھا تاہم فروری 2021 میں درآمدات کی مالیت 18.658 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب جنوری 2021 کے مقابلہ میں فروری 2021 کے دوران مصالحہ جات کی درآمدات میں 18.90 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ جنوری 2021 کے دوران 22.778 ملین ڈالر مالیت کے مصالحہ جات درآمد کئے گئے تھے ۔