ملیر کنٹونمنٹ میں این آئی سی وی ڈی کے 31 ویں سینٹر کا آغاز

April 20, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب(این آئی سی وی ڈی) نے حکومتِ سندھ کے اشتراک سے "ملیر کنٹونمنٹ، سی بی ایم ہیلتھ سینٹر"کراچی میں اپنے 31ویں سینٹر کا آغاز کر دیا ۔ مریضوں کو امراضِ قلب کی فوری طبّی امداد بالکل مفت فراہم کی جار ہی ہے۔این آئی سی وی ڈی سینٹر کی سافٹ اوپننگ بروز پیر، 19اپریل کوکی گئی جس میں ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفسیر ندیم قمر اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔ملیر کنٹونمنٹ میں قائم کیا گیا یہ سینٹر کراچی میں این آئی سی وی ڈی کا16واں چیسٹ پین یونٹ ہے جبکہ ایک یونٹ ٹنڈوباگو، ایک گھوٹکی، ایک جیکب آباد، ایک عمرکوٹ اور ایک ٹنڈوالھیار میں قائم کیاگیا ہے۔4سال کے مختصر عرصے میں این آئی سی وی ڈی کو دنیا کے سب سے بڑے کارڈیک ہیلتھ کیئر ہیلتھ نیٹ ورک میں تبدیل کردیا گیا ہے، جس میں 10مکمل اسپتال اور21چیسٹ پین یونٹس شامل ہیں۔این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے ملیر کنٹونمنٹ میں این آئی سی وی ڈی کے31ویں سینٹر کے قیام کو کراچی کے عوام کے لئے ایک مزید تحفہ قرار دیا ہے۔ یہ سینٹر مین این آئی سی وی ڈی سے منسلک ہوگا اور یہاں پر ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔ دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائیگا۔