پارکس کی بندش سے مالکان دیوالیہ ہو گئے، ایمیوزمنٹ پارکس ایسوسی ایشن

April 20, 2021

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان ایمیوزمنٹ پارکس ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث ملک بھر کے پارکس کی بندش کے بعد پارکس مالکان دیوالیہ ہو گئے ہیں بجلی گیس کے بل اور ملازمین کی تنخواہوں تک کی ادائیگی سے قاصر ہیں، ملک بھر کے ہزاروں پارکس مالکان بے روزگار بیٹھے ہیں، پیر کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے سال لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والے نقصان کا ابھی ازالہ ہوا ہی نہیں تھا کہ دوبارہ لاک ڈاؤن کے باعث پارکس مالکان شدید مالی بحران کا شکار ہوچکے ہیں، پچھلے برس پارکس مالکان نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون اور فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کروڑوں روپوں کا مالی نقصان برداشت کیا تھا اور ان خاندانوں کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے جنکی کفالت کی ذمہ داری ہمارے سروں پر تھی، چونکہ پچھلے لاک ڈاؤن میں حکومت کی پالیسی سب کیلئے یکساں تھی اور سب کاروبار یکساں طور پر بند تھا اس لئے ہم نے اپنے لب سی لئے تھے اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ آپ ریاست مدینہ کا ویژن لیکر چل رہے ہیں جس میں غریب عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے لہذاٰ ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور جلد از جلد پارکس کی بندش کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے انہیں کھولنے کا حکم جاری کیا جائے تاکہ پارکس سے منسلک ہزاروں خاندان اپنی روزی کما سکیں۔