تحفظ ناموس رسالتؐ ہمارے ایمان کی اساس اور روح ہے‘ دردانہ صدیقی

April 20, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) تحفظ ناموس رسالتؐ مسلمانوں کے ایمان کی اساس اور روح ہے۔ عالم اسلام کے جذبات کی شدت اور عاشقان رسولؐ کی اس حوالے سے حساسیت فطری عمل ہے۔ ریاست کی جانب سے کئے گئے عہد کی عدم پاسداری اور غیر دانش مندانہ طرز عمل نے ملک کو انتشار سے دوچار کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے لاہور میں ہونیوالے تصادم کے افسوسناک واقعہ پر اپنے بیان میں کیا- انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا میں مبتلا فرانس کے صدر نے توہین کی سرکاری سرپرستی کی جس سے عالم اسلام کے جذبات شدید مجروح ہوئے اور پوری دنیا کے مسلمانوں میں احتجاج اور غم و غصہ کی لہر دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ اسمبلی میں بحث اور فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرینگے جس کے بعد موجودہ صورتحال پیدا ہوئی۔ دردانہ صدیقی نے مطالبہ کیا کہ ایک اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن بنا کر معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات کروائی جائے۔ رمضان جیسے مقدس مہینے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان میں بھائی چارے کی فضا قائم ہونی چاہئے تاکہ حالات کو بہتری کی جانب لے جایا جاسکے۔