اکادمی ادبیات کے زیراہتمام پاکستانی زبانوں میں آن لائن حمدیہ مشاعرہ

April 20, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اکادمی ادبیات پاکستان کے زیراہتمام ماہ رمضان میں پہلی بار مختلف پاکستانی زبانوں میں آن لائن عالمی حمدیہ مشاعرہ زیرصدارت حلیم قریشی ہوا۔ ڈاکٹر خلیل طوقار، یشپ تمنا، رئیس وارثی اور قمر رضا شہزاد مہمانان خصوصی تھے۔ چیئرمین ڈاکٹر یوسف خشک نے ابتدائیہ پیش کیا جبکہ ناصر علی سید نے نظامت کی۔ مشاعرے میں ملک بھر اور بیرون ملک سے شعراء کرام نے حمدیہ کلام پیش کیا۔ ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں آن لائن عالمی حمدیہ مشاعرے کا انعقاد ہمارے لئے باعث سعادت ہے۔ اس مقدس مہینے میں اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سے فیوض و برکات کا نزول ہوتا ہے۔ ایسے میں ہمارے شعراء کرام اپنے رب سے بندگی، عجز اور تشکر کا اظہار اپنے خوبصورت حمدیہ کلام میں کرتے ہیں۔ اردو شاعری پر مذہب کے گہرے اثرات ہیں اور تہذیبی سطح پر بھی حمد، نعت اور محفل مسالمہ کی مضبوط روایت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کی تیسری خطرناک لہر کے باوجود احتیاطی تدابیر کے ساتھ شعراء کرام کی شرکت اعزاز اور باعث افتحار ہے۔ حلیم قریشی نے کہا کہ رمضان میں آن لائن عالمی حمدیہ مشاعر ے کا انعقاد ایک احسن قدم ہے۔ مشاعرے میں جاوید منظر، ڈاکٹر فرحت عباس، ناصرہ زبیری، ڈاکٹر نذیر تبسم، ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد، والہ جمال، تبسم ملیح آبادی، عابد رشید، ابرار حسین، خالد رئوف، غافر شہزاد، رخشندہ نوید، حنیف عابد، سیدہ فرح شاہ، نجمہ شاہین کھوسہ، شازیہ اکبر، شاہ غزالی، وحید قریشی، شہاب صفدر، عامر عبداللہ، حسن شیخ، احمد عرفان، اعجاز بھٹی، جنید آذر، منیر قاسم، اشرف کمال، شکیل احمد نایاب، شہزاد بیگ، ڈاکٹر ضیغم حسن اور دیگر نے پاکستانی زبانوں میں حمدیہ کلام پیش کیا۔