گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی آن لائن تعلیم کی پالیسی تیار

April 20, 2021

لاہور(خبر نگار) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ماہرین تعلیم نے کیمبرج، آکسفورڈ اور سنگاپور کی یونیورسٹیوں میں اختیار کیے جانے والے مختلف ماڈلز کا مطالعہ کرنے کے بعد یونیورسٹی کی آن لائن تعلیم کی پالیسی تیار کی جسے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے بھی منظورکیا۔وائس چانسلر کامزید کہنا تھا کہ ہم نے جنوبی ایشیاء میں سب سے بہتر آن لائن تعلیم کی پالیسی وضع کی ہے جو کہ ہمارے چار سالہ اسٹریٹجک ویژن کا اہم جزو ہے،آن لائن ضروریات کے مطابق کورس کی تیاری، اساتذہ کی تربیت، ٹیکنالوجی اور طلباء کی تربیت ہماری پالیسی میں شامل ہے۔پروفیسر زیدی نے کہا کہ آن لائن کورس کی تیاری کو یقینی بنانے کے لئے فیکلٹی ممبران نے لیکچرز کی ہفتہ وار تقسیم، گریڈنگ اسٹریٹیجیز اور ریڈنگ میٹریل کو شامل کرکے 1600 سے زیادہ کورسز میں ترمیم کی۔