خارجہ پالیسی کسی گروہ یا جماعت کی مرضی سے نہیں بنائی جا سکتی، طاہر اشرفی

April 21, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے کے حوالے سے پارلیمنٹ جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا تاہم ملک کی خارجہ پالیسی کسی گروہ ، جماعت یا جتھہ کی مرضی سے نہیں بنائی جا سکتی ، خارجہ پالیسی کیلئے جو فورم ہے وہی اپنا کام کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے علمائے کرائم و مشائخ عظام سے ملاقات کے دوران کیا۔ حافظ طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کی کامیابی سے ملک میں انتشار پھیلانے والی قوتوں کو ناکامی ہوئی ، پاکستان دشمن عناصر اور فتنہ پرور قتل و قتال چاہتے تھے ، ناموس رسالت و عقیدہ خاتم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔