اٹلی کا 26 اپریل سے کورونا قوانین میں نرمی کا فیصلہ

April 21, 2021

روم ( شہباز بھٹی )اٹلی کے وزیراعظم Mario Draghiاور وزیر صحت Roberto Speranza نے اپنی مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ اپریل کے آخر میں کورونا قوانین میں نرمی لائیں گے جس کا آغاز 26اپریل سے ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ہم نے مختلف انداز اختیار کیا ہے جس میں بیرونی سرگرمیوں کو ترجیح دیں گے ۔ کورونا انفیکشن کے موجودہ اعدادوشمار پر مبنی منصوبے کے تحت چند علاقے کم خطرے کی وجہ سے پیلے رنگ کے زون میں واپس آجائیں گے۔ سرکاری منصوبے کے مطابق اسکولوں کا دوبارہ آغاز ہماری دوسری ترجیح ہو گی ۔تمام ریستوران اور بارز کو دوبارہ دوپہر اور شام کے کھانے کے لیے کھول دیا جائے گا جس میں صرف باہر بیٹھنے کی اجازت ہو گی ۔ تمام سوئمنگ پول کو 15 مئی اور جم کو 10جون کو کھول دیا جائے گا ۔ اطالوی وزیراعظم نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ کوویڈ کی نرمی ناقابل واپسی ہو گی اگر انفیکشن کی شرح میں اضافہ ہوا تو پھر سے کورونا قواعد سخت کر دیئے جائیں گے ۔ اطالوی کابینہ نے اس وبائی مرض سے متاثرہ کاروباری حضرات کی مدد کیلئے 40بلین یورو کا بھی اعلان کیا جس سے اطالوی معیشت کو فروغ ملے گا ۔