حادثات کے خدشات میں کمی ،کارانشورنس کا پریمیم 87پونڈ کم ہوگیا

April 21, 2021

لندن(پی اے ) برطانیہ میں گزشتہ 2 1 ماہ کے دوران سڑکوں پر حادثات کے خدشات میں کمی کے نتیجے میں کارانشورنس کا سالانہ پریمیم 87پونڈ کم ہوگیا گزشتہ 6 سال کے دوران کار انشورنس میں یہ اپنی نوعیت کی سب سے زیادہ کمی ہے۔ مرد ڈرائیوروں کے انشورنس کی شرح میں 91 پونڈ یعنی ایک سال قبل کے مقابلے میں 14 فیصد جبکہ خواتین ڈرائیوروں کے انشورنس کی شرح میں82 پونڈ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریکارڈ کے مطابق رواں سال یعنی 2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 6 ملین افراد نے انشورنس کرائی لیکن لاک ڈائون کی وجہ سے لوگوں کے گھروں پر ہی محصور رہنے کی وجہ انشورنس کلیم کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی۔ڈیٹا کے مطابق برطانیہ میں گاڑیاں چلانے والوں کو اب اگلے سال انشورنس کی مد میں صرف 538پونڈ ادا کرناہوں گے۔تاہم قیمتوں کے تقابل سے متعلق سائیٹ کا کہنا ہے کہ اگر لوگ اپنی پرانی انشورنس کمپنی سے ہی انشورنس کرائیں گے تو انھیں زیادہ رقم ادا کرنا پڑسکتی ہے۔کنزیومر گروپ وچ کاکہنا ہے کہ اگرچہ قیمتوں میں کمی ایک اچھی خبر ہے لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ کو اپنی کار کی انشورنس پر پریمیم کی شرح میں کٹوتی مل جائے ۔اس لئے کنزیومر ز کو اپنی کار کی انشورنس پر بہترین ڈیل حاصل کرنے کیلئے قیمتوں کے تقابل کی سائیٹ پر کچھ وقت گزارنا ہوگا ،وچ کے مالیاتی امور کے سربراہ گاریتھ شائو کا کہناہے کہ انشورنس کرنے والے کی جانب سے بتائی گئی پریمیم کی شرح کا انحصار ہر شخص کے ذاتی حالات پر ہوتاہے جس میں آپ کی کار کا ٹائپ ،آپ کا رہائشی علاقہ،ڈرائیونگ کے حوالے سے آپ کا سابقہ ریکارڈ ،کلیم نہ کرنے پر آپ کو ملنے والا بونس ،آپ کے کار میں موجود ٹیکنالوجی آپ کی کار کاماڈل اور آپ کے ذاتی تعلقات شامل ہیں لیکن ان سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ آپ انشورنس کیلئے کہاں رجوع کررہے ہیں اور کیا کمپنی تبدیل کرنے میں آپ کو فائدہ ہوگا؟۔