غیرقانونی تعمیرات‘ رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں عوام کیلئے اذیت

April 21, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) بلانقشہ اور خلاف نقشہ ہونیوالی تعمیرات سے پورے شہر میں ٹریفک سمیت دیگر مسائل نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی۔ رہائشی علاقوں میں بڑھتی تجارتی سرگرمیوں بھی اذیت بن گئیں۔ شہر کا شاید ہی کوئی علاقہ ایسا ہو گا جہاں قانون کی عملداری نظر آئے، لوگ متعلقہ عملے سے ملکر اپنی مرضی کے مطابق تعمیرات کر لیتے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ قواعدو ضوابط سے ہٹ کر تعمیرات کے باعث کسی آفت کی صورت میں بروقت مدد نہ پہنچ سکنے سے اکثر ناقابل تلافی جانی مالی نقصان ہو جاتا ہے جس کی حالیہ مثال اردو بازار آتشزدگی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن اور آر ڈی اے حکام کو تحریری شکایات کے باوجود ایکشن نہیں ہوتا۔ یوسی 35عیدگاہ شریف کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ایم سی بوائز سکول کے سامنے رہائشی علاقے میں 5مرلے پلاٹ پر 3دن کے اندر گودام کی چھت ڈال دی گئی حالانکہ اس لاقانونیت کی بروقت اطلاع ڈی جی آر ڈی اے سمیت متعلقہ حکام کو کر دی گئی تھی۔ اہل اعلاقہ نے وزیراعلیٰ اور کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو مزید مسائل سے نجات دلانے کیلئے غیرقانونی تعمیرات رکوائی جائیں۔