یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا: عمران خان

April 21, 2021

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہاں طاقت ور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، پی ڈی ایم جیسے الائنس بناتا ہے، مقصد یہ ہوتا ہے کہ ہمیں عام لوگوں کے قانون کی طرح نہ رکھو، ہم خاص لوگ ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے نوشہرہ کے علاقے جلو زئی میں ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنانا ری پبلک میں طاقت ور کے لیے الگ قانون ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی پہچان امیر نہیں غریب طبقے سے ہوتی ہے، پہلی بار کم آمدنی والے طبقے کی ترقی کے لیے کوششیں ہو رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جلوزئی میں اس منصوبے سے کم آمدنی والے طبقے کو گھر میسر آ سکے گا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ قوم وسائل کی کمی سے غریب نہیں ہوتی، جو معاشرہ کمزور طبقے کا دھیان نہیں رکھ سکتا وہ اوپر نہیں جاتا، ترقی نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کو قانون کی بالادستی کی سمجھ نہیں آ رہی، قانون کی بالادستی کا مطلب ہے کہ طاقتور کو قانون کے نیچے لانا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ شوگر مافیا مہنگی چینی بیچ کر منافع کما رہی ہے، جو ٹیکس بھی نہیں دیتی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ شوگر مافیا کے خلاف کچھ کریں توہ وہ بھی کہتی ہے کہ ہم خاص لوگ ہیں، کمزور اور طاقت ور کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا ہے، سابق وزیرِ اعظم جونیجو کی اسکیم اس لیے ناکام ہوئی کہ وہاں لوگ رہنا ہی نہیں چاہتے تھے۔

وزیرِ اعظم کامزید کہناہے کہ ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ سرکاری زمین پر سستے گھر بنیں، ہر گھر پر 3 لاکھ روپے سبسڈی دے رہے ہیں، گھر کے قرضے پر صرف 3 فیصد سود دینا پڑے گا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے میں دیر اس لیے ہوئی کہ بینک قرضے دینے کو تیار نہیں تھے، قانون 11 سال سے عدالت میں پھنسا ہوا تھا۔