پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دیدی

April 21, 2021


پاکستان ٹیم نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 11 رنز سے شکست دے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ہرارے اسپورٹس کلب ہرارے میں کھیلے جارہے اس میچ میں زمبابوے کے کپتان شان ولیمز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ شان ولیمز کے لیے بہترین ثابت ہوا اور اس نے مہمان ٹیم کو صرف 149 رنز پر ہی محدود کردیا۔

قومی ٹیم کی طرف سے ایک مرتبہ پھر وکٹ کیپر محمد رضوان مردِ بحران ثابت ہوئے اور پوری اننگز میں سب سے زیادہ 82 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ دانش عزیز کے 15 اور فخر زمان کے 13 رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 149 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

زمبابوے کے بلے بازوں نے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے کریگ ایرون نے 34 اور تناشو کامنہوکاموے نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اختتامی لمحات میں لوک جونگوے نے 30 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

تاہم پاکستان ٹیم کی حالیہ جیت کی اسپرٹ اور تجربے کی وجہ سے انھیں 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 3، محمد حسنین نے 2 جبکہ حارث رؤف اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی۔

عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔