سندھ اسمبلی: گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

April 21, 2021

سندھ اسمبلی نے فرانسیسی حکومت کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پی پی اور تحریک انصاف کے اراکین میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

سندھ اسمبلی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے فرانسیسی حکومت کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرارداد پیش کی، جسے مشترکہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

ایم ایم اے کے سید عبدالرشید اور ٹی ایل پی کے مفتی قاسم فخری نے بھی قراداد پیش کیں جن میں ٹی ایل پی پر عائد پابندی اُٹھانے اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

پی ٹی آئی اور پی پی پی کے اراکین کی جانب سے غیر پارلیمانی جملے بازی پر ایم کیو ایم نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔