کشمیر پریمیر لیگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری

April 21, 2021

کشمیر پریمئر لیگ (کے پی ایل) کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں فیلڈ لائٹس لگانے کا کام شروع ہوگیا۔

اس حوالے سے تیمور خان کا کہنا ہے کہ کے پی ایل کے لیے مظفر آباد اسٹیڈیم میں 5 نئی وکٹیں بنائی جارہی ہیں، یہ عالمی معیار کا اسٹیڈیم نظر آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم کی نئے سرے سے لیولنگ اور گراسنگ کی جائے گی۔

تیمور خان نے یہ بھی کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ 4 سے 14 اگست تک مظفر آباد میں کھیلی جائے گی، جس میں مجموعی طور پر 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کے پی ایل میں شاہد خان آفریدی، بابراعظم، محمد حفیظ اور محمد رضوان ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تیمور خان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور عماد وسیم بھی جلوہ گر ہوں گے۔