پی ایس ایل میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی، رپورٹ فرنچائزز کو نہ دینے کا فیصلہ

April 21, 2021

‏پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوران بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ پینل کی رپورٹ کو فرنچائزز کو نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ فرنچائزز مالکان یا اس کے نمائندے پی سی بی دفاتر میں آکر دیکھ سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس رپورٹ کا معائنہ تو کیا جاسکتا ہے لیکن دستاویز نہیں لی جا سکتیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ایس ایل کی کئی فرنچائزز نے اس رپورٹ کا جائزہ لے لیا، تاہم دیگر کے پاس بھی یہی آپشن موجود ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فیکٹ فائنڈنگ پینل کی رپورٹ ‏ گورننگ بورڈ کے اراکین کو بھی نہیں دی گئی، انھوں نے بھی صرف اس کا معائنہ کیا اور انھیں بریفنگ دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں پی ایس ایل 6 کے دوران بائیو سیکور ببل کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کردیا گیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے ایونٹ کے لیے بائیوسیکیور ببل بنایا گیا تھا، تاہم جب اس کی خلاف ورزی ہوئی تو کیسز سامنے آئے۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں بہتری کے لیے سفارشات دی گئیں ہیں جبکہ اس میں کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ذمہ داران کا تعین چیئرمین پی سی بی کو کرنا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا بھی امکان ہے۔