کوئٹہ: ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 11 زخمی

April 21, 2021

کوئٹہ کے زرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے زرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی، دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی، فائر بریگیڈ اور ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں، دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں کو طلب کرلیا گیا۔

زخمیوں میں دو کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے، دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں ہوٹل کا ایک سیکیورٹی گارڈ اسد اللّٰہ اور ایک پولیس اہلکار سجاد عباسی اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکہ خیزمواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو اور آئی جی پولیس رائے محمد طاہر نے دھماکے مقام کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان نے مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔