اولڈ ہم میں نوجوان نسل کی روحانی تربیت کیلئے خصوصی نشست کا انعقاد

April 22, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل)رمضان الکریم کے بابرکت مہینے میں نگینہ جامع مسجد اولڈہم میں نوجوان نسل کی مذہبی و روحانی تربیت کے لیے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں کی طرف سے کیے گئےسوالات کے مفصل جوابات بھی دیئے گئے۔ نگینہ جامع مسجدکےخطیب مولانا قاری خادم حسین نے کہاکہ ماہ رمضان کے بابرکت دنوں میں ہر روز نماز عصر کے بعد نوجوانوں کی اصلاح کے لیے تربیتی نشست ہوتی ہے تاکہ انکے سوالات اور حج، روزہ، نماز، زکوٰۃکے متعلق مسائل کے بارے میں معلومات دی جائیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیےحکومتی ہدایات کی مکمل پابندی کرتے ہیں۔ نوجوان مذہبی سکالر مولانا فیصل یعقوبی کا کہنا تھا کہ اس تربیتی نشست میں آنے کی دعوت عام ہے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے اس نشست کا اہتمام کیا جاتا ہے۔سماجی و مذہبی شخصیت راجہ مقصود حسین کاکڑوی کا کہنا تھا کہ خصوصی نشست میں نوجوان یہاں آکر دین کی تعلیم سیکھتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ بھر کی مساجد میں ایسی تربیتی نشستوں کا انعقاد ہوناچاہیے تاکہ نوجوان نسل کی دینی تربیت ہوسکے۔