بزرگ شہریوں کو علاج میں رعایت نہ دینے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری طلب

April 22, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے بزرگ شہریوں کے علاج میں 25فیصد رعایت نہ ملنے کے خلاف درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے قانون تو بہت بنا لیے، عمل کسی پر نہیں کیا۔ سندھ سینئر سیٹیزن ویلفئیر ایکٹ بنائے ہوئے 7 سال گزر گئے۔ آزادی کارڈز بنانے میں پیش رفت نہ ہونے پر عدالت سیکریٹری ویلفیئر پر برہم ہوگئی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے ایسا کون سا کام ہے جو ہو کر نہیں دے رہا؟ کرنا ہو تو ایک ہفتے کا کام ہے۔ سیکریٹری ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ نادرا حکام سے میٹنگ کرنی ہے، مزید وقت دے دیا جائے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے لگ رہا ہے کہ سیکریٹری کے بس کی بات نہیں۔ 7 سال سے کچھ نہیں کیا اب کیا کریں گے، چیف سیکریٹری کو بلانا پڑے گا۔ جب تک آزادی کارڈ نہیں بنے گا عملی کام کیسے شروع ہوگا؟ آپ لوگ جس طرح کام کررہے ہیں کبھی عمل درآمد نہیں ہوگا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے چیف سیکریٹری سندھ 5 مئی کو پیش ہوں اور وضاحت دیں۔ توہین عدالت کی درخواست بھی ہے مگر ابھی چیف سیکریٹری کو ویسے ہی بلا رہے ہیں۔