638بنداسکول چندروز میں کھول دیئے جائیں گے، سعید غنی

April 22, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم سندھ کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ تعلیم میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر نظر ثانی اور نئے مالی سال میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں نئی اسکیموں کو ترتیب دینے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز خالد حیدر شاہ، اسپیشل سیکریٹری آصف میمن،چیف انجینئرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔ سعید غنی نےکہا کہ کوشش کی جائے اس سال کی تمام اسکیمیں وقت مقررہ پر مکمل ہوں ،نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اسکیمیں جامع سروے کرکے کے شامل کی جائیں ۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جو اسکول بند پڑے تھے اور اب محکمہ تعلیم نے انھیں فنکشنل کردیا ہے وہاں جو ضروریاتِ ہیں وہ فراہم کی جائیں،پہلی ترجیح پر ان اسکولز کی مرمت کی جائے ۔ سعید غنی نے کہا کہ ‏محکمہ تعلیم سندھ نے مختلف اسکولوں سے اساتذہ کے تبادلے کرکے صوبے بھر میں 1609 بند اسکول کھول دیئے ہیں ۔ 638 اسکول آئندہ چند روز میں کھول دئیے جائیں گے۔ اس عمل کے ذریعے صوبے کے 2247 بند اسکول کھل جائیں گے۔