کراچی میں فوری بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن

April 22, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ اور مشترکہ مفادات کونسل میں 2017کی متنازع مردم شماری کی منظوری دے کر کراچی کے عوام کی تمناؤں کا خون کیا ہے،وزیر اعظم عمران خان بتائیں کہ وہ کون سا قانون ہے کہ جس سے جعلی مردم شماری کی منظوری دی جاسکے؟، کراچی میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کااعلان کیا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے متنازع مردم شماری کے خلاف اور جماعت اسلامی کے تحت جاری حقوق کراچی تحریک کے سلسلے میں ضلع شمالی سلیم سینٹر نارتھ کراچی پر جلسےسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے امیر ضلع شمالی محمد یوسف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر شرکاء کے لیے افطار کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔فیصل جمیل نے ضلع شمالی میں بے شمار مسائل کے حل کے حوالے سے متفقہ طور پر قرارداد پیش کی،قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ گارڈن سٹی، کنیز فاطمہ،سرجانی ٹاؤن سمیت ضلع شمالی کے تمام علاقوں میں پانی، بجلی سمیت بنیادی ضروری مسائل حل کروائے جائیں۔