عمار چوک توسیعی منصوبہ کا سنگ بنیاد ، 9ماہ میں مکمل ہو گا

April 22, 2021

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر) عمار شہید چوک ٹنل ری ماڈلنگ اور توسیعی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔منصوبہ کا سنگ بنیاد کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، ا نجینئر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے رکھا۔اس موقع پر سٹیشن کمانڈرراولپنڈی بریگیڈئر اعجاز قمر کیانی ،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر، ایگزیکٹیو آفیسر چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ وسیم شاہد بھی موجود تھے۔ عمار شہید چوک ٹنل ری ماڈلنگ اور توسیع منصوبہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے طویل تاخیر کے باعث چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے سپرد کر دیا گیا جس کی فنڈنگ پنجاب حکومت کی جانب سے کی جا رہی ہے ۔تعمیر کے دوران عمار شہید چوک ہر قسم کی ٹریفک کے لیئے ممکنہ طور پر بند رکھا جائے گا۔پی ڈبلیو ڈی ، روات اور ملحقہ علاقوں سے اسلام آباد کی جانب جانے والی ٹریفک اسلام آباد ایکسپریس وے استعمال کر سکے گی، کچہری چوک صدراور دیگر ملحقہ علاقوں سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ فیض آباد مری روڈ سے اسلام آباد جا سکے گی، چکلالہ سکیم 3 اور آس پاس کے علاقوں سے صدر اور کچہری جانے والی ٹریفک نیشنل پارک روڈ کو استعمال کرتے ہوئے فوجی فائونڈیشن چوک جہلم روڈ سے ہوتی ہوئی صدر اور کچہری چوک جا اور اسی رووٹ سے واپس بھی آ سکے گی۔ اسی طرح گلزار قائد ،اوولڈ ائر پورٹ اور اس کے قریری علاقوں سے چکلالہ سکیم تھری جانے والی ٹریفک رحیم آباد پل کے نیچے ڈرائی پورٹ روڈ کو استعمال کرتے ہوئے مکہ چوک سے دائیں جانب غریب آباد،چوہدری ولایت خان روڈ،گلستان کالونی سے ہوتی ہوئی سکیم تھری جا سکے گی۔ صدر اور کچہری سمیت قریبی علاقوں سے اولڈ ائر پورٹ جانے والی ٹریفک براستہ راشد منہاس روڈ، مریڑ چوک سے ہوتی ہوئی مری روڈ،لیاقت باغ ،ٹیپو روڈ ، فوجی ٹاور ، راول روڈ سے اوولڈ ائر پورٹ کی طرف جا سکے گی۔ ایک ارب روپے مالیت کا یہ منصوبہ 9ماہ کے اندر مکمل کر کے ٹریفک کے لیئے کھول دیا جائے گا۔منصوبہ کی تکمیل کے بعد عمار شہید چوک سے ٹریفک بغیر کسی رکاوٹ کے رواں دواں رہے گی۔منصوبہ کی تکمیل کے بعد ریلوے برج کی جانب سے آنے والی ٹریفک ٹنل سے ہوتی ہوئی چکلالہ سکیم 3،گلستان کالونی اور عسکریز سمیت دیگر علاقوں کو جا سکے گی اور واپسی کا رووٹ بھی یہی ہوگا۔اس کے علاوہ کچہری چوک جانے اور کچہری چوک سے آنے والی ٹریفک عمار شہید چوک سے گزرتی ہوئی مختلف مقامات کی جانب جا سکے گی۔عمار شہید چوک میںٹریفک جام ہونے سے ہزاروں گاڑیوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا لیکن اس منصوبہ کی تکمیل سے ٹریفک جام کا یہ دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔